عدنان صدیقی 2 ہفتے قرنطینہ میں رہنے کے بعد باہر آگئے

0
228

کراچی (این این آئی)اداکار عدنان صدیقی 2 ہفتے قرنطینہ میں رہنے کے بعد باہر آگئے اور بتایا کہ اب وہ بلکل ٹھیک ہیں۔عدنان صدیقی میں گزشتہ ماہ 26 جولائی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے فوری طور پر خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔اداکار نے رواں برس میں میں کورونا سے تحفظ کی ویکسین بھی لگوائی تھی، تاہم اس کے باوجود ان میں مرض کی تشخیص ہوئی تھی۔تقریبا 2 ہفتوں تک قرنطینہ میں رہنے کے بعد 8 اگست کو عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ اب وہ بلکل ٹھیک ہیں اور ساتھ انہوں نے خدا کے شکرانے بھی ادا کیے۔اداکار نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے کورونا کا دوبارہ ٹیسٹ کروایا یا نہیں، تاہم ان کے مطابق انہوں نے 15 دن قرنطینہ میں گزار لیے اور اس دوران ان میں کوئی بڑی علامات بھی ظاہر نہیں ہوئی، اس لیے اب وہ باہر نکل آئے ہیں۔اداکار نے قرنطینہ سے نکلنے پر جاری کردہ ویڈیو میں بتایا کہ اب وہ بلکل ٹھیک ہیں اور قرنطینہ کے دوران بھی انہیں زیادہ تر مشکلات درپیش نہیں آئیں۔عدنان صدیقی نے قرنطینہ کے درمیان اپنے تجربات بتاتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بہت کچھ لکھا، بہت کچھ پڑھا اور کئی کھانے بھی بنائے۔انہوں نے کورونا میں مبتلا ہونے والے افراد کو مشورہ دیا کہ وہ کسی کی باتوں پر کان نہ دھریں اور لوگوں کی باتیں ایک طرف سے سنیں تو دوسری طرف سے نکال لیں۔عدنان صدیقی نے کہا کہ کمزور لوگ تو لوگوں کی باتیں سن کر ہی مر جائیں گے، اس لیے انہوں نے بھی ایک کان سے مشورے سنے اور دوسرے سے نکال دیے۔