محبوبہ مفتی کی طرف سے جماعت اسلامی کے کارکنوں کیخلاف این آئی اے کے چھاپوں کی شدید مذمت

0
307

سرینگر(این این آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے جماعت اسلامی کے رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ایک بہتر طریقے سے کسی نظریے کا مقابلہ کرنے کی بجائے مودی حکومت متضاد سوچ کو طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کچل رہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ نے ایک ٹویٹ میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں اور کارکنوں پر این آئی اے کے چھاپے کوبھارت کی طرف سے نام نہاد”اٹوٹ انگ ”کے خلاف علامتی جنگ قراردیا۔ انہوںنے کہاکہ مودی حکومت ایک بہتر طریقے سے کسی نظریے کا مقابلہ کرنے کی بجائے مودی حکومت متضاد سوچ کو طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کچل رہی ہے۔انہوںنے مزید کہاکہ اس طرح کے اقدامات عارضی طورپر کارگر ثابت ہوتے ہیں تاہم بعدازاں یہ بے سود ثابت ہو تے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام اور بھارت کے درمیان خلیج ہرگزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے ۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران این آئی اے نے پورے مقبوضہ علاقے میں جماعت اسلامی سے وابستہ ارکان کے خلاف 56 چھاپے مارے ہیں۔