افغانستان میں پاکستانی سفیر کی حامد کرزئی اور عبداللہ عبداللہ سے ملاقات

0
183

کابل (این این آئی )افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے سابق افغان صدر حامد کرزئی اور معزول حکومت کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی جس میں ملک کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا جہاں طالبان نے امارت اسلامیہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق منصور احمد خان نے اپنی ملاقات کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں نے افغانستان میں پائیدار استحکام کے لیے کوششوں پر تعمیری گفتگو کی۔حامد کرزئی نے ملاقات کے بارے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورت حال اور جامع سیاسی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی قانونی حیثیت کی حامل حکومت بنائی جا سکتی۔ایک طالبان عہدیدار نے بتایا کہ ایک دن پہلے حامد کرزئی اور عبداللہ عبداللہ نے طالبان کمانڈر اور حقانی نیٹ ورک کے سینئر رہنما انس حقانی سے ملاقات کی جس کا مقصد جنگ زدہ ملک میں ایک جامع حکومت بنانے کی کوشش کرنا تھا۔نام طاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرنے والے طالبان عہدیدار نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں تاہم حامد کرزئی کے ترجمان محمد یوسف ساہا نے کہا کہ یہ مذاکرات ابتدائی ملاقاتوں کا حصہ تھے جو کہ طالبان کے اعلی سیاسی رہنما ملا عبدالغنی برادر سے حتمی مذاکرات کی راہ ہموار کریں گے۔