آج کا دن شہیدوں اور قوم کے بیٹوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے،فرو غ نسیم

0
187

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج ملک کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے ہر ممکن طریقے سے نبرد آزما ہونے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔یومِ دفاع 6 ستمبر 2021 کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ آج کا دن ان شہیدوں اور قوم کے بیٹوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے 1965 میں وطن عزیز کے لیے انمول قربانیاں دیں۔انہوںنے کہاکہ آج ہمارے ملک کا دفاعی نظام اللہ پاک کے حکم سے اور حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی دعاؤں سے نا قابلِ تسخیر ہے۔انہوںنے کہاکہ ہماری مسلح افواج ملک کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے ہر ممکن طریقے سے نبرد آزما ہونے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم شکر گزار ہیں کہ ہماری دفاعی صلاحیت عصری ضروریات کو پورا کرتی ہے،ہم چوکس ہیں اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔انہوںنے کہاکہ آج کے دن میں اپنے محکوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہونے کے اپنے عزم کی تجدید کرتا ہوں میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں اس عزم کے ساتھ کہ میں پاکستان کی خاطر کوئی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کروں گا۔