وفاقی وزیر تعلیم، شفقت محمود کا اوپن یونیورسٹی کا اہم دورہ ، موجود سہولیات کا جائزہ لیا

0
201

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، شفقت محمود نے گذشتہ دن علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا اور ملک کے طول و عرض میں موجود طلبہ کو فاصلاتی نظام کے تحت اعلیٰ معیار کی جدید تعلیم سے آراستہ کرنے پر یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ایک روزہ دورے کے دوران وفاقی وزیر تعلیم نے ڈیجٹل ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ اور اقبال گیلری کے افتتاح کے علاوہ یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل ٹیکنالوجی میں ٹیلی سکول کے لئے موجود سہولتوں کا جائزہ بھی لیا۔ یونیورسٹی آمدپروائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیائ القیوم نے پرنسپل افسران کے ہمراہ وفاقی وزیر، شفقت محمود کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ڈیجٹل ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بچوں کا تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے لئے ڈیجٹلائزیشن ضروری تھی۔ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیائ القیوم کو مبارکباد دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے ڈیجٹلائزیشن کے تحت تعلیمی سرگرمیوں کے عمل کو مزید شفاف اور بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈاکٹر ضیائ القیوم کی متحرک قیادت نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ماحول یکسر بد ل کر رکھ دیا ہے، اْن کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت یہ یونیورسٹی تعلیمی تبدیلی میں مثالی کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کی ڈیجٹل ٹرانسفارمیشن دیگر تعلیمی اداروں کے لئے بہترین روڈ میپ ہے، جو تعلیمی ادارے اس سفر میں شامل ہونا چاہتے ہیں، اوپن یونیورسٹی اْن کو تعاون فراہم کرے گی۔اْن کا مزید کہنا تھا کہ وزارت تعلیم اوپن یونیورسٹی کی لیبارٹریوں اور سہولتوں کو اپ گریڈ کرنے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی