افغانستان سے غیر ملکی کے انخلاء سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو عالمی میڈیا پر سراہا جا رہا ہے،فواد چوہدری

0
262

اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلاء سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو عالمی میڈیا پر سراہا جا رہا ہے، انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر پاکستان افغان عوام کی ہر ممکن مدد کرے گا، ہم اس بحران میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے قومی خبر رساں ادارہ ”اے پی پی” اور کیوبا کی نیوز ایجنسی پرینسا لیٹینا کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ایک اہم اور تاریخی دن ہے، کیوبا اور پاکستان کی نیوز ایجنسیوں کے مابین خبروں کے تبادلے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گیدونوں خبر رساں اداروں کو معاہدے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم نے وزارت اطلاعات کے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا ہے، وزارت اطلاعات کے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ نے اب تک غیر ملکی میڈیا کو 250 ویزے اور 85 بارڈر کراسنگ این او سیز جاری کیں، سینکڑوں صحافی کابل میں پھنسے ہوئے تھے جنہیں انخلاء میں مدد فراہم کی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کابل سے صحافیوں کے انخلاء کی کوششوں میں کابل میں موجود ہمارے سفارتی عملہ نے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلاء سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو عالمی میڈیا پر سراہا جا رہا ہے، انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر پاکستان افغان عوام کی ہر ممکن مدد کرے گا، ہم اس بحران میں افغان عوام کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ افغانستان تک رسائی کے لئے پاکستان اہم کوریڈور ہے، وزیراعظم کی ہدایات کے تحت حکومت اور وزارت اطلاعات افغانستان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلاء میں بھرپور مدد کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت ہمارا ایک سی ون تھرٹی طیارہ کابل میں موجود ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ افغانستان میں انسانی المیہ پیدا نہ ہو۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان کے عوام کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پاکستان ان کی ہر ممکن مدد کرے گا ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کیوبا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ دوستی پر مبنی ہیں،دونوں ممالک ایک دوسرے کو درپیش مسائل اور چیلنجز کو بخوبی سمجھتے ہیں