سعودی ولی عہد کا عسیر ریجن کو عالمی سیاحت کا مرکز بنانے حکمت عملی کا اعلان

0
197

ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عسیر ریجن کو عالمی سیاحتی حب بنانے اور سالانہ ایک کروڑ سیاح لانے کی حکمت عملی جاری کی ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے عسیر ریجن کو جدید ترین علاقے میں تبدیل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق نائب وزیراعظم اور اقتصادی وترقیاتی امور کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ پورے علاقے کو جدید شکل میں مکمل ترقی یافتہ بنایا جائے گا۔ 50 ارب ریال کا سرمایہ لگانے کا منصوبہ ہے۔ مختلف قسم کے منصوبے نافذ کیے جائیں گے۔ اہم منصوبوں کو فنڈ فراہم کیے جائیں گے۔عسیر کے پہاڑوں کی چوٹیوں پر سیاحوں کے لیے پرکشش سینٹر قائم ہوں گے۔ ان کی بدولت عسیر سال بھر بین الاقوامی سیاحوں کا مرکز بن جائے گا۔شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ عسیر حکمت عملی کے اجرا کا مقصد یہ ہے کہ پورا علاقہ سال بھر دنیا بھر کے سیاحوں کا مرکز بنا رہے۔ مملکت کے اندر اور باہر سے 2030 تک یہاں سالانہ ایک کروڑ سے زیادہ سیاح آنے لگیں۔عسیر کا علاقہ زبردست سیاحتی عناصر سے مالا مال ہے- ان سب سے فائدہ اٹھایا جائے گا اور یہاں معیاری سیاحتی منصوبے نافذ ہوں گے،یہاں کے ثقافتی اور تاریخی خزانے اجاگر کیے جائیں گے،سعودی ولی عہد نے کہا کہ عسیر میں سعودی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترغیبات دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا ان سب کی حصہ داری سے زبردست اقتصادی سرگرمیاں ہوں گی۔ سیاحت اور ثقافت کے کردار کو فروغ دیا جائے گا۔