ملک کے 8 شہروں میں سینما کھولنے کی اجازت

0
238

اسلا م آباد (این این آئی)عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں کمی اور ویکسین لگوانے والے افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد حکومت نے ملک کے 8 شہروں میں سینما گھروں کو کھولنے کا اعلان کردیا۔وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یہ اعلان کیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ راولپنڈی، اسلام آباد سمیت 8 شہروں میں سینما گھروں کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اْمید ہے کہ لاہور اور کراچی کی انتظامیہ ویکسینیشن مہم کو بڑھائے گی تاکہ اگلے 10 دنوں میں ان شہروں کے سینما بھی کھل سکیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنی ٹوئٹ میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں کا نوٹی فیکیشن بھی شیئر کیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز شہرہ آفاق جاسوس فلم سیریز ‘جیمز بانڈ’ کی 25 ویں فلم ‘نو ٹائم ٹو ڈائے’ کو برطانیہ میں ریلیز کیے جانیکے بعد پاکستانی فلمسازوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سوال کیا جارہا تھا کہ پاکستان میں دوبارہ کبھی سینما کھلیں گے؟میزبان و پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے ٹوئٹ کی تھی کہ لندن میں جیمز بانڈ کا پریمیئر ہوگا، اْمید ہے کہ ہمارے سینما گھر بھی دوبارہ کھلیں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ دنیا دوبارہ معمول کی طرف لوٹ رہی ہے، یہ اچھی علامت ہے۔