صحافیوں کو ہراساں کیس ،ڈی جی ایف آئی اے،چیئرمین پیمرا اور آئی جی اسلام آباد سے تفصیلی رپورٹ طلب

0
167

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے صحافیوں کو ہراساں کرنے کیخلاف ازخود نوٹس میں ڈی جی ایف آئی اے،چیئرمین پیمرا اور آئی جی اسلام آباد سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ جمعرات کو سپریم کورٹ نے 13 ستمبر کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا جس میں ڈی جی ایف آئی اے،چیئرمین پیمرا اور آئی جی اسلام آباد سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ۔ تحریری حکمنامے میں کہاگیاکہ صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز گزشتہ ایک سال کے صحافیوں پر تشدد اور ہراسگی کے واقعات کی رپورٹ جمع کرائیں۔ تحریری حکمنامہ کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے بھی ایک سال میں صحافیوں پر ہونے والے مقدمات اور تحقیقات کی رپورٹ پیش کریں۔حکمنامہ کے مطابق اٹارنی جنرل اور دیگر لا افسران پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 27 سے متعلق معاونت کریں،بتایا جائے کہ پیمرا آرڈیننس کا سیکشن 27 آئین کے آرٹیکل 19 کے مطابق ہے یا نہیں۔حکمنامہ کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے، چیئرمین پیمرا اور آئی جی اسلام آباد آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں،کیس کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کی جاتی ہے۔