کابل(این این آئی)افغانستان کے وزیر اعظم حسن اخوند نے طالبان کو کابل میں قبضے میں لیے گئے نجی گھر فوری طور پر خالی کرکے وہاں سے نکلنے کا حکم دیا ہے اور انہیں فوری فوجی اڈوں پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان اہلکاروں نے 15اگست کو افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ان گھروں پر قبضہ کر لیا تھا تاہم اب اس حوالے سے باضابطہ اعلان کردیا گیا ۔عبوری وزیر اعظم حسن اخوند کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نجی گھروں میں رہنے والے طالبان کے دفاع، داخلہ اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکار ملک بھر میں فوجی اڈوں پر واپس رپورٹ کریں۔طالبان کے سیکیورٹی اہلکار بلال کریمی نے وزیر اعظم کی اس ہدایت کی تصدیق کی ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حالیہ ہفتوں میں طالبان نے اپنے روایتی اور شہری لباس کو ترک کر کے عسکری لباس پہن لیا ۔اگست کے وسط میں افغان فوج نے ہتھیار ڈال دیے تھے جس کے بعد طالبان نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔