پی ٹی آئی دوتہائی اکثریت حاصل کر کے آزاد خطے کے لوگوں کے وہ حقوق واپس چھیننا چاہتی ہے ،راجہ فاروق حیدر

0
241

چڑہوئی (این این آئی)مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر کے صدر و سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے حلقہ چڑہوئی کے عوام سے کہا ہے کہ وہ 10اکتوبرکواپنے ووٹ کے ذریعے سیاسی اجارہ داری کے کرونے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں اور مسلم لیگ ن کو کامیاب کریں۔ مسلم لیگ ن تمام برادریوں اور قبائل کا گلدستہ ہے، 2021 میاں نواز شریف کی واپسی کا سال ہے، ایک سال سے زیادہ پاکستان میں جھوٹ، مکاری، مہنگائی اورعمرانی نظام نہیں چل سکتا، آزاد کشمیر میں ان کے چیلے بھی ان کے ساتھ ہی جائیں گے، میرپور اور چڑہوئی کی سیٹیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، پی ٹی آئی اسمبلی کے اندر دوتہائی اکثریت حاصل کر کے آزاد خطے کے لوگوں کے وہ حقوق واپس چھیننا چاہتی ہے جو مسلم لیگ ن کی حکومت نے تیرویں ترمیم سے حاصل کیے اور عوام کو کشمیر کونسل جیسے کرپٹ ادارے سے نجات دلا کر آزاد کشمیر اسمبلی اور آزاد حکومت کو مالی طور باا ختیار بنایا، چڑہوئی اور میرپور کے عوام ”شیر: کے نشان پر مہر لگا کر میرے دست و بازو بنیں تاکہ ہم اُن سازشوں کا راستہ پوری قوت سے روک سکیں جو ریاست جموں وکشمیر کی تقسیم اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے خلاف عمران حکومت کر رہی ہے۔راجہ محمد فاروق حیدر خان حلقہ چڑہوئی میں بلواٹی اور ڈماس کے مقامات پر انتخابی مہم کے سلسلہ میں کارنر میٹنگز سے خطاب کر رہے تھے۔ ان میٹنگز سے سابق امیدوار اسمبلی بزرگ رہنما راجہ محمد اقبال خان،سابق امیدوار اسمبلی ڈاکٹر راجہ محمود الحسن، سید عدیل شاہ، صوبیدار حسین شاہ، سابق چئیرمین کے ڈی اے راجہ عقیل احمد، راجہ محمد اعجاز، راجہ افتخاربھٹو،ڈاکٹر محمد اورنگ زیب، محمد عارف، عدنان اعظم، راجہ زاہد، راجہ عبد العزیز، اور دیگرز نے خطاب کیا۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان جو آجکل چڑہوئی کے حلقے میں انتخابی مہم پر ہیں کا مختلف مقامات پر شاندار استقبال کیا گیا۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں پیسے اور اجارہ داری کا جو رحجان پروان چڑھ رہا ہے یہ انتہائی خطرناک ہے جس سے سیاسی جماعتوں اور سیاسی کارکنان کی اہمیت ختم ہوتی جا رہی ہے اس فرسودہ نظام اور رواج کو ووٹ کے ذریعے دفن کرنا ہو گا۔