اردن کے شاہ عبداللہ کو شام میں جنگ کے آغاز کے بعد بشارالاسد کی پہلی فون کال

0
174

دمشق(این این آئی)شام کے صدربشارالاسد نے اتوار کے روزاردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔شامی صدر کا ان سے ایک دہائی قبل شام میں جنگ کے آغاز کے بعد یہ پہلا مواصلاتی رابطہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق حکام نے بتایاکہ دونوں لیڈروں کے درمیان یہ بات چیت دوطرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کی طرف تازہ اقدام ہے۔اردن شام میں جاری خانہ جنگی کے دوران میں بشارالاسد کے مخالف باغی گروپوں کی حمایت کرتا رہا ہے۔ مغربی ممالک کے حمایت یافتہ شامی باغی بشارالاسد کو اقتدار سے نکال باہرکرنے کے لیے مسلح جدوجہد کررہے تھے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان کی تحریک ماند پڑچکی ہے اور اب وہ شام کے مغربی صوبہ ادلب اور اس کے مضافات تک محدود ہوچکے ہیں۔اردن کے شاہی محل نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں لیڈروں نے دونوں برادرہمسایہ ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔شاہ عبداللہ نے بشارالاسد کو بتایا کہ ان کا ملک اپنے پڑوسی شام کی علاقائی سالمیت اور اس کے استحکام اور خودمختاریکے تحفظ کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔