لاہور(این این آئی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی نصیحت بھی کام نہ آئی نوجوان وکیل نے فیصلہ کی مصدقہ نقل زرا سی تاخیر سے ملنے پر قلم اٹھانے کی بجائے ڈنڈا اٹھا کر کاپی برانچ کے تمام شیشے توڑ دیے۔ہائیکورٹ سکیورٹی نے وکیل کو گرفتار کرکے دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروا دیا۔ ہائیکورٹ کی کاپی برانچ میں مقامی وکیل ماجد جہانگیر نے مصدقہ نقل تاخیر سے ملنے پر کاپی برانچ کے شیشے توڑ ڈالے۔ وکیل ماجد جہانگیر نے ڈنڈے کا بے دریغ استعمال کرکے کاپی برانچ کے تمام شیشے توڑ ڈالے جس کے بعد ہائیکورٹ سکیورٹی نے وکیل کو گرفتار کرلیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے گزشتہ روز تحفظ وکلا ایکٹ کانفرنس میں وکلا کو ڈنڈا سوٹا اٹھانے کی بجائے قلم اٹھانے پر زور دیا لیکن وکیل صاحب نے سنی ان سنی کردی۔لاہور ہائیکورٹ کے ترجمان کے مطابق وکیل کو گرفتار کرلیا گیا اور اسکے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے جبکہ بار کونسل نے اس واقعے کی پر زور مذمت کی ہے اور وکیل ماجد جہانگیر کا وکالت کا لائسنس بھی معطل کردیا ہے۔