امریکی نائب وزیر خارجہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات،افغان امن سے متعلق تبادلہ خیال

0
210

اسلام آباد (این این آئی)امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی آر شرمن وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ میں وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات ، افغانستان اور علاقائی امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جمعہ کو ہونے والی ملاقات میں اسسٹنٹ سیکرٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیا مسٹر ڈونلڈ لو بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیر خارجہ نے نائب وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا ۔امریکی نائب وزیر خارجہ نے بلوچستان میں آنے والے زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ افغانستان میں پرامن تصفیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے نقطہ نظر میں ہم آہنگی موجود ہے۔ نائب وزیر خارجہ نے افغانستان سے امریکی اور دیگر شہریوں کے انخلاء کے لیے پاکستان کی معاونت اور خطے میں امن کے لیے بروئے کار لاء گئی مسلسل کوششوں کو سراہا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمیں توقع ہے کہ افغانستان میں نیا سیٹ اپ امن اور استحکام کے ساتھ ساتھ تمام افغان عوام کی بہتری کے لیے کام کرے گا۔انہوںنے کہاکہ افغان عوام کی نمائندہ اور وسیع البنیاد حکومت، بین الاقوامی برادری کے لیے قابل اعتماد شراکت دار ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں عالمی برادری کی جانب سے مثبت شمولیت ، انسانی امداد کی اور مالیاتی وسائل کی فراہمی اور افغان عوام کے مصائب کو دور کرنے کے لیے پائیدار معیشت کی تعمیر کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان، معاشی تعاون ، علاقائی روابط کے فروغ اور خطے میں قیام امن کیلئے امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد ، طویل المیعاد اور پائیدار تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان باقاعدہ اور منظم ڈائیلاگ کا عمل ہمارے دوطرفہ مفاد کے ساتھ ساتھ مشترکہ علاقائی مقاصد کو فروغ دینے کے لیے بہت ضروری ہے۔امریکی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان موسمیاتی تغیر اور متبادل توانائی کے حوالے سے دو طرفہ مذاکرات میں ہونیوالی پیش رفت کی تعریف کی ۔غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے امریکہ کی جانب سے پاکستان کو دی گئی کوویڈ سے متعلقہ معاونت پر نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین کا شکریہ کیا