چین کی برطانیہ کو ہانگ کانگ کے شہریوں کو شہریت کی پیشکش پرتنبیہ

0
284

بیجنگ (این این آئی )چین نے برطانیہ کی جانب سے ہانگ کانگ کی تقریبا 30 لاکھ آبادی کو شہریت کی پیش کش کے منصوبے کی تصدیق کے بعد لندن کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوری طور اس غلطی کو درست کرے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی جانب سے ہانگ کانگ کے شہریوں کے لیے یہ پیش کش جولائی میں کی گئی تھی جب چین نے برطانیہ کے سابقہ کالونی پر سیکیورٹی قانون متعارف کروایا تھا۔خیال رہے کہ چین نے رواں برس ہانگ کانگ میں سیکیورٹی قانون متعارف کروایا تھا جس پر عالمی سطح پر تنقید کی گئی تھی اور اس قانون کو شہریوں کی آزادی پر حملہ قرار دیا گیا تھا۔چین اس سے قبل بھی برطانیہ کو ہانگ کانگ سے متعلق خبردار کرچکا ہے کہ وہ چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہے اور تازہ تنبیہ چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی پیش کش ہانگ کانگ کے تمام شہریوں کے لیے نہیں ہے بلکہ صرف ان شہریوں کو دی گئی ہے جو برٹش نیشنل اوورسیز (بی این او)پاسپورٹ کے حامل ہیں۔برطانیہ کی پیش کش 1997 سے قبل پیدا ہونے والے ہانگ کانگ کے شہریوں کے لیے ہے جو خطے کو چین کے حوالے کرنے سے پہلے پیدا ہوئے تھے۔ہانگ کانگ میں برطانوی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق ہانگ کانگ کے تقریبا 3 لاکھ افراد بی این او پاسپورٹ رکھتے ہیں جبکہ 29 لاکھ افراد اس کے اہل ہیں