مقبوضہ کشمیرمیں قبرستان کی خاموشی کو امن کا نام دیا جارہا ہے،محبوبہ مفتی

0
316

سرینگر(این این آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت فوجی طاقت کے بل پر کشمیری عوام کی آواز کو دبا رہی ہے اور پھر اسی خاموشی کو امن اور صورتحال میں بہتری کا نام دیا جاتا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ان خیالات کا اظہار سرینگر میںنیشنل کانفرنس کے سابق رکن اسمبلی عبدالمجید میر کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں نئی سیاسی جماعتیں بنائی جا رہی ہیں جس کیلئے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی توڑ پھوڑ کی جا رہی ہے اور لوگوں کو بلیک میل کر کے یا لالچ دے کر مخصوص سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حالات میں پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے مقبوضہ علاقے کے دورے کے بعد سے کشمیری نوجوانوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی سینٹرل ریزوپولیس فورس کی مزید بٹالینز اور مزیدبھارتی فورسز کو جموں وکشمیرمیں تعینات کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر مقبوضہ کشمیرمیں صورتحال مودی کے دعوے کے مطابق معمول کے مطابق ہے تو بھارتی فورسز کی تعداد میں کیوں اتنااضافہ کیا جا رہا ہے۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ دراصل جموں و کشمیر کے زمینی حالات مختلف ہیں اورکشمیری عوام کو فوجی طاقت کے بل پر خاموش کرایا جا رہا ہے اور قبرستان کی اس خاموشی کو امن کا نام دیا جا تا ہے