سرینگر(این این آئی)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کے بھائی تصدق حسین مفتی کو بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مبینہ منی لانڈرنگ مقدمے میں پوچھ گچھ کیلئے آج نئی دلی میں اپنے دفتر میں طلب کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تصدق حسین مفتی جو اپنی بہن کی کابینہ میں وزیر سیاحت تھے سے کہا گیا ہے کہ وہ آج نئی دہلی میں ای ڈی کے دفتر میں تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوں اور اپنا بیان ریکارڈ کرائیں۔ محبوبہ مفتی نے اپنے بھائی کو پوچھ گچھ کیلئے طلب کیے جانے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ یہ ان کے خلاف سیاسی انتقام ہے۔ انہوںنے کہا کہ جب بھی میں کسی غلط کام کے خلاف آواز اٹھاتی ہوںتو میرے گھر والوں میں سے کسی کی طلب کر لیا جاتا ہے۔