فلم”کھیل کھیل میں’کی ایوان صدر میں نمائش

0
258

اسلام آباد (این این آئی)کورونا کی وبا کے باعث تقریبا دو سال بعد ریلیز ہونے والی فلم ‘کھیل کھیل میں’ کو خصوصی طور پر ایوان صدر میں دکھانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں صدر مملکت اور خاتون اول سمیت مختلف وزرا اور رکن قومی اسیمبلی و سینیٹ اراکین نے بھی شرکت کی۔حکومت پاکستان کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے ‘کھیل کھیل میں’ کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا، جس میں صدر مملکت عارف علوی، خاتون اول اور وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سمیت دیگر وزرا نے بھی شرکت کی۔اسکریننگ میں ‘کھیل کھیل میں’ کی کاسٹ، ہدایت کار نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی مرزا بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔فلم اسکریننگ کے موقع پر صدر مملکت اور خاتون اول نے فلم کے مرکزی اداکاروں سجل علی اور بلال عباس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں جب کہ فلم کی کاسٹ کے ساتھ وزیر اطلاعات نے بھی تصاویر کھچوائیں۔فلم کی خصوصی اسکریننگ کے حوالے سے فواد چوہدری نے بھی ٹوئٹ کی اور ساتھ ہی لوگوں کو فلم دیکھنے کی تجویز بھی دی۔وزیر اطلاعات نے ٹوئٹ کی کہ سانحہ 1971کے پس منظر میں بننے والی فضا علی کی فلم کھیل کھیل کا پریمیئر دیکھا، سقوط ڈھاکہ کے نتیجے میں جس انسانی المیے نے جنم لیا اس پر بہت کم کام ہوا ہے۔فواد چوہدری نے مزید لکھا کہ ساری ٹیم انتہائی مبارک کی مستحق ہے کہ انہوں نے انتہائی مشکل موضوع کو بہت سنبھال کے چلایا اور ساتھ ہی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مذکورہ فلم ضرور دیکھیں۔فلم کے ہدایت کار نبیل قریشی نے بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹس میں ایوان صدر میں فلم کی خصوصی اسکریننگ سے متعلق پوسٹس کیں۔