کراچی(این این آئی)معروف عالم دین مولانا تقی عثمانی نے سیالکوٹ میں فیکٹری کے غیر ملکی مینیجر کی توہین مذہب کے الزام میں ہلاکت کے واقعہ پر کہا ہے کہ توہین رسالت انتہائی سنگین جرم ہے، ملزم سے اس کے ارتکاب کے ثبوت بھی اتنے ہی مضبوط ہونے ضروری ہیں ۔ اپنے بیان میں مولانا تقی عثمانی نے کہا کہ توہین رسالت انتہائی سنگین جرم ہے لیکن ملزم سے اس کے ارتکاب کے ثبوت بھی اتنے ہی مضبوط ہونے ضروری ہیں، کسی پر یہ سنگین الزام لگا کر خود ہی اسے وحشیانہ اور حرام طریقے سے سزا دینے کا کوئی جواز نہیں، سیالکوٹ کے واقعہ نے مسلمانوں کی بھونڈی تصویر دکھاکر ملک وملت کو بدنام کیا ہے۔مولانا تقی عثمانی نے کہا کہ ملک میں بدامنی کی فضا بہت تشویشناک ہے، حکومت طاقت کے استعمال کے بجائے تدبر سے کام لیتے ہوئے معاملہ پارلیمنٹ میں پیش کرے، احتجاج کرنے والے تشدد اور قومی املاک کو نقصان پہنچانے کے بجائے پرامن راستے اختیار کریں، فریقین پر لازم ہے کہ گستاخوں کے بجائے اپنا گھر تباہ کرنے سے پرہیزکریں۔