ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے ، عمران خان پاکستان کو امریکہ سے سستا ملک قرار دے رہے ہیں،شاہد خاقان عباسی

0
260

اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے ، عمران خان پاکستان کو امریکہ سے سستا ملک قرار دے رہے ہیں،عدم اعتماد کی قرار داد وہاں کامیاب ہوتی ہے جہاں قانون و انصاف کا بول بالا ہو، موجودہ حکومت لیگی دور کے منصوبوں پر اپنے ناموں کی تختیاں لگا رہی ہے ،ملک میں احتساب کی جو حالت ہے عدالتوں میں کیمرے لگنے چاہئیں۔ منگل کو چیئرمین نیب کی تعیناتی کے حوالے سے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے آرڈیننس لاکر چیئرمین نیب کی تعیناتی کا نظام بدل دیا ہے، اس میں صدر مملکت ملوث ہیں، پہلے انہوں نے آرڈیننس پر دستخط کیے پھر دندان سازی سے کچھ وقت نکال کر انہوں نے اپوزیشن کو خط لکھا، اس خط کا جواب دینے کا فیصلہ اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں ہوگا۔لیگی رہنما نے کہا کہ ہمارے ملک کے وزیر اعظم نے خوشخبری دی ہے کہ امریکا میں بھی مہنگائی بڑھ رہی ہے تاہم ہم امریکا میں نہیں پاکستان میں رہتے ہیں، وہاں اشیائے خورونوش کی قیمت میں 2 فیصد جبکہ پاکستان میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے، وہاں فی کس آمدنی 20 ہزار ڈالر سے زائد ہے اور پاکستان میں 2 ہزار ڈالر سے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ جن حکمرانوں کو عوام کی پرواہ نہیں انہیں اقتدار میں آنے کا حق ہے نہ ہی یہاں رہنے کا حق ہے، میں بار بار کہہ چکا ہوں کہ جس دن ہاتھ اٹھے گا حکومت ایک دن بھی نہیں رک پائے گی۔انہوںنے کہاکہ حکومت بے ساکھیوں پر ہے اور اب یہ بے ساکھیاں ہٹانے کی ضرورت ہے، ملک میں ایک سے بڑھ کر ایک اسکینڈل سامنے آرہا ہے، براڈشیٹ تو چیف جسٹس کا بیان لیکن وہ اعلیٰ عدالتیں جو اقامے کی فیس نہ لینے پر حکومت توڑ دیا کرتی تھی آج خاموش بیٹھی ہیں، کیا یہ انصاف کا دوہرا نظام نہیں ہے؟۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ عدلیہ کو چاہیے کہ یہ عوام کا اعتماد بحال کریں، جس ملک میں انصاف کا نظام ختم ہوجائے وہ ملک نہیں چلتا، یہ ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے