امریکاامارات سے 23ارب ڈالرکے اسلحہ معاہدے پرتصفیہ طلب امورکے حل کے لیے پرامید

0
185

واشنگٹن(این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدہ دار نے اس امید کا اظہارکیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ 23 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیاروں کی مجوزہ فروخت کے معاہدے سے متعلق تصفیہ طلب امور کے حل کے لیے کام کیا جاسکتا ہے۔اس عہدہ دار نے عرب ٹی وی کوبتایا کہ ہم نے حال ہی میں دبئی ایئرشو میں اس امر کی تصدیق کی ہے کہ بائیڈن، ہیرس انتظامیہ یو اے ای کو ایف 35 طیاروں، ایم کیو 9 بی اور دیگراسلحہ کی مجوزہ فروخت کے لیے پرعزم ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں کہ ہمیں اسلحہ کی ترسیل سے پہلے، دوران اور بعد میں امارات کی ذمہ داریوں اوراقدامات کے بارے میں واضح اورباہمی تفہیم حاصل ہو۔امریکی عہدہ دار نے یہ تبصرہ اس رپورٹ کے منظرعام پرآنے کے بعد کیا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ یواے ای امریکا سے طے شدہ اس اسلحہ ڈیل کوخیرباد کہنے پرغور کررہا ہے۔