مارب میں عرب اتحاد کے حوثی ٹھکانوں پر شدید حملے،180دہشت گرد ہلاک

0
236

ریاض (این این آئی )سعودی عرب کی قیادت میں یمن کی آئینی حکومت کی رٹ بحالی کے لیے یمن میں حوثی باغیوں سے برسرپیکار عرب اتحاد کے حکام نے بتایا ہے کہ یمن کے صوبے مارب، الجوف اور مغربی ساحل پر حوثیوں کے ٹھکانوں پر کیے گئے حملوں میں سینکڑوں حوثی دہشت گرد مارے گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اتحادی فورسز نے37 حملے کیے۔ ان میں سے 33 حملے مارب اور الجوف میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر کیے گئے جن سے 25 عسکری گاڑیاں اور فضائی دفاعی نظام تباہ کر دیا گیا جبکہ 280 سے زیادہ حوثی دہشت گرد مارے گئے۔عرب اتحاد نے توجہ دلائی کہ مغربی ساحل کے ٹھکانوں پر 4 حملے کیے گئے جن میں حوثیوں کی 3 عسکری گاڑیاں اور گولہ بارود کے متعدد گودام تباہ ہو گئے جبکہ 30 سے زیادہ حوثی دہشتگرد مارے گئے ۔ مذکورہ تینوں مقامات پر مارے جانے والے حوثیوں کی تعداد 310 تک پہنچ گئی۔عرب اتحاد کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی مارب میں فوج اور حوثیوں کے درمیان گھمسان کے معرکے ہوئے۔ حریت پسند یمنی شہری بھی فوج کے شانہ بشانہ لڑ رہے ہیں۔ حملوں میں حوثیوں کا بھاری جانی ومالی نقصان ہوا۔