تہران (این این آئی)ایرانی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ اگر مغربی طاقتیں جوہری پروگرام کی پیش رفت پراپنے خدشات دور کرنا چاہتی ہیں تو انھیں ایران پرعاید جوہری پروگرام سے متعلق تمام پابندیاں ختم کرنا ہوں گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے 2015 میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان طے شدہ جوہری سمجھوتے کا مخفف استعمال کرتے ہوئے کہا کہ جب مغربی طاقتیں یہ کہتی ہیں کہ انھیں ایران کے جوہری پروگرام کی پیش رفت کے بارے میں تشویش لاحق ہے تو ہم بالاصرار یہ کہتے ہیں وہ اپنے خدشات دورکرنے لیے جے سی پی او اے سے متعلق تمام پابندیاں ختم کریں۔اس سمجھوتے پر دست خط کرنے والے باقی ممالک ایران، روس، چین، فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے درمیان پانچ ماہ کے وقفے کے بعد نومبر میں ویانا میں بات چیت دوبارہ شروع ہوئی تھی۔امیرعبداللہیان نے فرانس، جرمنی اور برطانیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انھوں نے مذاکرات میں ہمیشہ تعمیری کردارادا نہیں کیا اورانھوں نے مذاکرات میں کوئی نیا اقدام نہیں کیا۔انھوں نے کہاکہ عمومی طور پر ہم بعض یورپی ممالک خاص طورپرفرانس کی پوزیشن کو تعمیری نہیں سمجھتے۔ ہمیں امید ہے کہ فرانس تعمیری کردار ادا کرے گا۔امیر عبداللہیان نے مذاکرات میں روس اورچین کے کردار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انھوں نے کہا کہ ایران نیک نیتی اور سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات میں حصہ لے رہا ہے،وہ دوسرے فریقوں کوایک رعایت دینے اوراس کے بدلے میں دس حاصل کرنیکی اجازت نہیں دے گا۔