قائدِ اعظم کے پاکستان کو عظیم تر بنانے کیلئے ہمیں اْن کے بتائے ہوئے اصولوں کو اپنانا ہوگا،صدر مملکت

0
198

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قائدِ اعظم کے پاکستان کو عظیم تر بنانے کیلئے ہمیں اْن کے بتائے ہوئے اصولوں کو اپنانا ہوگا، موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہمیں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے زریں اصولوں کو اپنانا ہوگا،پاکستان کی ترقی کیلئے معاشرے کے تمام طبقات، قومیتوں، اقلیتوں، ہر فرد کو مل کر کام کرنا ہوگا۔قائد اعظم کی 145 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہاکہ پوری قوم محسن پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ قائد اعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی، علیحدہ اور خودمختار ریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی۔ انہوںنے کہا کہ قائدِ اعظم نے اپنی صلاحیتوں، عزم اور غیر معمولی کردار کی بدولت پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ انہوںنے کہاکہ قائدِ اعظم کے پاکستان کو عظیم تر بنانے کیلئے ہمیں اْن کے بتائے ہوئے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہمیں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے زریں اصولوں کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمیں نظم و ضبط، بھائی چارے اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان کی ترقی کیلئے معاشرے کے تمام طبقات، قومیتوں، اقلیتوں، ہر فرد کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان کی خوشحالی کیلئے معاشرے کے نظر انداز کئے گئے طبقات کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔ صدر مملکت نے کہاکہ اس دن ہم اِس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک عظیم اور مضبوط ملک بنائیں گے۔