آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان چوتھا ٹیسٹ (کل) سے شروع ہو گا

0
432

سڈنی(این این آئی)آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ (کل) بدھ5 جنوری سے سڈنی کرکٹ گرائونڈ،سڈنی میں شروع ہو گا۔ میزبان ٹیم آسٹریلیا کو پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ 14 سے 18 جنوری تک ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ برسبین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے 9 وکٹوں، ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 275 رنز جبکہ میلبورن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 14 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز اپنے نام کر لی۔ ادھر آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر مچل سٹارک نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر سیریز میں برتری مزید بہتر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔31سالہ مچل سٹارک نے کہا کہ وہ مہمان ٹیم کے خلاف چوتھے میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مشن کلین سویپ کے مقصد کے حصول کے لئے انکی ٹیم کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔