سعودی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے 200شہروں اور علاقوں کو ملانے کے منصوبے کاافتتاح

0
305

ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مملکت کے 200 سے زیادہ شہروں اورگورنریوں کو ملانے کے منصوبے کااعلان کیا ہے۔اس منصوبہ کے تحت مسافر بسوں کے ذریعے ٹرانسپورٹ خدمات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع دستیاب ہوں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اتھارٹی (ٹی جی اے)نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اس نیٹ ورک کے ذریعے مملکت میں سالانہ قریبا ساٹھ لاکھ مسافروں کی نقل و حمل ہوگی۔اس منصوبے کے تحت 200 شہروں اور گورنریوں کو76 شاہراہوں کے ذریعے ملایا جائے گا اور ان پر300 سے زیادہ بس اسٹاپ یا اڈے ہوں گے۔قریبا 560 بسوں کے ذریعے سالانہ پندرہ کروڑکلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جائے گا۔ٹی جی اے نے اس منصوبہ کے تحت بسوں کی خدمات مہیاکرنے والوں کے لیے ٹینڈرجاری کردیا ہے۔اس سے اس شعبے میں مسابقت میں اضافہ ہوگا اور نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کوسرمایہ کاری پرکشش مواقع ملیں گے۔اس سے خدمات کے معیار میں بھی اضافہ ہوگا اوربسیں چلانے والی کمپنیاں مسابقتی خدمات مہیا کریں گی۔ٹی جی اے نے انٹرسٹی بس ٹرانسپورٹ فرنچائز پروجیکٹ میں ملکی بس ٹرانسپورٹیشن مارکیٹ کے قابل عمل ہونے کا بھی مطالعہ کیا ہے۔