واشنگٹن(این این آئی)امریکا نے شدت پسند گروپ داعش کی خراسان شاخ کے سربراہ ثنا اللہ غفاری کے بارے میں معلومات فراہم کرنے اور اس کی شناخت کا پتا چلانے میں مدد فراہم کرنے میں مدد دینے پر ایک کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے اعلان کردہ انعامی رقم کا مطلب یہ بھی ہے کہ ہر وہ شخص جو ایسی معلومات فراہم کرتا ہے جو 26 اگست 2021 کو کابل ایئرپورٹ پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے کے مرتکب افراد کو گرفتار کرنے یا سزا دینے میں مدد کرتا ہے تو اسے انعام دیا جائے گا۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔ اس حملے میں 13 فوجیوں سمیت تقریبا سو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔گذشتہ نومبر میں امریکی محکمہ خارجہ نے ثنا اللہ غفاری جسے شہاب المہاجر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے خراسان میں داعش کا موجودہ امیر نامزد ہے اسے 2020 میں افغانستان میں تنظیم کی قیادت کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔امریکی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ غفاری پورے افغانستان میں داعش کی تمام کارروائیوں کی منظوری دینے اور کارروائیوں کو انجام دینے کے لیے ضروری فنڈنگ حاصل کرنے کا ذمہ دار ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدامات ان انتھک کوششوں کا حصہ ہیں کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ افغانستان دوبارہ کبھی بین الاقوامی دہشت گردی کا پلیٹ فارم نہ بنے۔داعش،خراسان صوبہ کا نام ایک پرانے نام کے نام پر رکھا گیا جو اس خطے کو دیا گیا تھا۔ یہ پہلی بار 2014 کے آخر میں مشرقی افغانستان میں نمودار ہوا اور اپنی خوفناک کارروائیوں کی بدولت جلد ہی مشہور ہوگیا۔خطے میں انتہا پسندانہ تحریکوں کے بارے میں کچھ ماہرین کا کہنا تھا کہ داعش خراسان صوبہ کو پاکستانی طالبان کے انتہا پسند عناصر نے قائم کیا تھا جو اس وقت افغانستان فرار ہوئے جب پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے ان کے خلاف مہم شروع کی۔