چین کی مختلف ممالک پر امریکی ہیکر حملوں کی شدید مخالفت

0
219

بیجنگ (این این آئی) چین نے مختلف ممالک پر امریکی ہیکر حملوں کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہاہے کہ چین اپنی سائبر سیکورٹی اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا،چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چھون اینگ نے جمعہ کے روز یومیہ نیوز بریفنگ کے دوران چائنا سائبر سیکیورٹی لیب میں سامنے آنے والی امر یکہ کی غیر ذمہ دارانہ اور بدنیتی پر مبنی سائبر سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ چین نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ ایسی سرگرمیوں کی وضاحت کرے اور فوری طور پر ایسے اقدامات بند کرے۔چین اپنی سائبر سیکورٹی اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔ ہوا چھون اینگ نے نشاندہی کی کہ اس رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین، ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے بڑے ترقی پذیر ممالک کے علاوہ، امریکہ اپنے اتحادیوں کے خلاف بھی وسیع پیمانے پر معلومات اور ڈیٹا چوری میں ملوث ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سائبر اسپیس بنی نوع انسان کا مشترکہ گھر ہے، اور سائبر سیکیورٹی بھی تمام ممالک کو درپیش ایک مشترکہ چیلنج ہے۔ امید ہے کہ امریکہ سائبر اسپیس میں ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے عالمی برادری کے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر بات چیت اور تعاون کے ذریعے سائبر اسپیس کی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے کام کرے گا۔واضح رہے کہ چائنا سائبر سیکیورٹی لیب نے حال ہی میں پہلی مرتبہ امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے ہیکر حملے کو تفصیلی تکنیکی شواہد کے ساتھ بے نقاب کیا ہے۔