اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ مہنگائی اور نااہلی پر پردا ڈالنے کے لئے وفاقی وزراء سندھ میں ناکام مارچ کر رہے ہیں ،پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ عالمی بحران نہیں ،مسلط نااہلوں کا ٹولا ہے۔اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ تحریک انصاف کا سندھ میں ناکام مارچ سب نے دیکھ لیا ہے، سندھ کے عوام نے تحریک انصاف کو مسترد کر دیا ہے۔ نائب صدر پیپلز پارٹی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ناکام مارچ کے بعد اب وزیراعظم خود میدان میں اتر رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں عوامی مارچ سے حکومت کی بوکھلاہٹ اب کھل کر سامنے آ رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کچھ بھی کر لے، قوم اب ان کو اقتدار میں نہیں دیکھنا چاہتی۔ انہوں نے کہاکہ اس غریب دشمن حکومت کی وجہ سے عوام ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کو تیار ہو جائے۔ انہوںنے کہاکہ تباہی سرکار رواں ماہ 12 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد اب 10 روپے فی لیٹر سے زائد قیمت میں اضافہ کرنے جا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کہتے ہیں عالمی بحران کی وجہ سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر رہے، گزشتہ ساڑھے 3 سال میں تیل کی قیمتوں میں 65 روپے کا اضافہ کس عالمی بحران کی وجہ سے کیا گیا؟ ۔ انہوںنے کہاکہ 95 روپے فی لیٹر ملنے والا پیٹرول 160 روپے فی لیٹر کس عالمی بحران کی تحت ہوا ہے؟ ۔