چوری چھپے ملاقات کرنے والا نہیں،چوہدری نثار

0
355

اسلام آباد(این این آئی) سینئر سیاستدان اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیر اعظم سے ملاقات کی خبروں پر واضح کیا ہے کہ چوری چھپے ملاقات کرنے والا نہیں، وقتی فائدے کیلئے جماعتوں میں نہیں جاتا،مجھے پی ٹی آئی کے 27مارچ کے جلسے میں شرکت کی کوئی دعوت ملی ہے اور نہ ہی میں جلسے میں شرکت کر رہا ہوں، وقتی فائدے کیلئے پارٹی بدلنے والا نہیں ،کوئی پارٹی جوائن کر نے کی جلد نہیں ، اپنے حلقوں کے ووٹرز کی مشاورت سے چلونگا ،این اے 59 اور 62 دونوں سے انتخاب لڑوں گا، کسی کو کوئی شک و شبہ نہ رہے،چار مرتبہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ طشتری میں پیش کی گئی،نہ جانے مجھے کیا کیا سیاسی لالچ دئیے گئے ،میرے پائے استقلال میں کوئی لغزش نہیں آئی، میں چور دروازے سے اقتدار کی دہلیز پر قدم نہیں رکھوں گا، سوشل میڈیا پر میرا کوئی اکاؤنٹ نہیں،جعلی اکاؤنٹس کا سراغ لگانے کے لیے ایف آئی اے سے رجوع کیا ہے، انشا اللہ میں اپنا آفیشل اکاؤنٹ کھول رہا ہوں جس سے ڈس انفارمیشن کی حوصلہ شکنی ہو گی،ملک قرضوں کے بوجھ تلے دب کر رہ گیا ہے،اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرضوں کی بروقت ادائیگی ہے،اس بارے میں پوری قوم کو سوچ بچار کرنے کی ضرورت ہے،قومی معاشی پالیسی بنانی چاہیے، حکومت اور اپوزیشن سب بند گلی میں کھڑے ہیں اس وقت ملک و قوم کو بند گلی سے نکالنے کی ضرورت ہے۔ بی بی سی کیلئے سینئر صحافی محمد نواز رضا کی رپورٹ کے مطابق جب چوہدری نثار علی خان سے سوال کیاگیاکہ چوہدری صاحب! آپ چکری میں اپنی حویلی میں پر سکون بیٹھے ہوئے ہیں، ٹی وی چینلز پر آپ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی خبریں چل رہی ہیں اس میں کس حد تک صداقت ہے؟ خود وزیر اعظم نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کی آپ سے ملاقات ہوئی ہے جس پر چوہدری نثار علی خان مسکرا دیے اور جواب دیا کہ پچھلے تین چار روز سے میں چکری میں ہوں، یہاں سے باہر نہیں گیا تو پھر وزیر اعظم عمران خان سے میری ملاقات کہاں ہوئی ہو گی؟ پچھلے ہفتے، مہینے یا سال تو کوئی ملاقات نہیں ہوئی، تو پھر کب ملاقات ہوئی!’انھوں نے کہا کہ میں چوری چھپے ملاقات کرنے والا نہیں ہوں،عمران خان میرا ایچیسن کالج سے دوست ہے لیکن میری اپنی سیاست ان کی اپنی سیاست۔ان سے سوال کیاگیاکہ کیا آپ پی ٹی آئی کے 27مارچ 2022 کو پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے جلسے کو رونق بخش رہے ہیں؟۔انھوں نے دو ٹوک الفاظ میں اس افواہ کی تردید کی اور کہا کہ مجھے پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت کی کوئی دعوت ملی ہے اور نہ ہی میں جلسے میں شرکت کر رہا ہوں۔