پاکستان کو اپنے سیٹلائٹس بنانے ہیں اور ہمیں خودانحصاری کی منزل حاصل کرنا ہوگی، صدر مملکت عارف علوی

0
180

اسلام آباد(این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان خلا کا پرامن استعمال چاہتا ہے، پاکستان کو اپنے سیٹلائٹس بنانے ہیں اور ہمیں خودانحصاری کی منزل حاصل کرنا ہوگی،پاکستانی قوم مضبوط عزم کی حامل ہے اور وہ کسی بھی چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور علم کی بنیاد پر ہم کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ پاکستان ٹیکنالوجی کے میدان میں بڑی کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ٹیکنالوجی کا استعمال انسانیت کی ترقی کیلئے ہونا چاہئے، بھارت کی طرف سے میزائل پاکستان آنا انتہائی غیرذمہ دارانہ فعل ہے، غیرذمہ دارانہ اقدامات کسی بھی بڑی تباہی کا باعث بن سکتے ہیں، ہماری پہلی ترجیح ملکی دفاع کو مستحکم بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں سپارکو کے زیراہتمام ”بین الاقوامی سپیس کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں چیئرمین سپارکو میجر جنرل (ر) عامر ندیم، خلائی تحقیق کے سائنسدانوں، غیر ملکی مندوبین اور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ترقی کا عمل انسانیت کی فلاح نہ کہ تباہی کیلئے استعمال ہونا چاہئے، دنیا توانائی کے قابل تجدید ذرائع پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین اخلاقی اقدار کی حامل قیادت ہی قوم کی رہنمائی کرسکتی ہے۔ صدر مملکت نے ماحولیاتی تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اوزون کی تہہ میں کمی کو روکنا ایک اہم کامیابی ہے، سیٹلائٹ ٹیلی میٹری سے پانی کے بہاؤ اور مقدار کو جانچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا معاشی لحاظ سے مضبوط ملک کی بات سنتی ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کانفرنس میں شریک غیرملکی مندوبین کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خلائی ٹیکنالوجی کو پرامن مقاصد کیلئے استعمال کرے گا، بعض ممالک نے سیٹلائٹ تباہ کرنے کے تجربے کئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ خاص طور پر خلائی تحقیق کو انتہائی اہمیت دے رہی ہے