فوجی اتحاد کو مضبوط بنا کر علاقائی سلامتی حاصل نہیں کی جا سکتی،چینی صدر

0
194

بیجنگ (این این آئی)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ موجودہ بین الاقوامی صورتحال کی ترقی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ فوجی اتحاد کو مضبوط بنا کر علاقائی سلامتی حاصل نہیں کی جا سکتی۔ہفتہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق ان خیا لات کا اظہار شی جن پھنگ نے فلپائنی صدر روڈریکو ڈوٹرٹیکے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں کیا۔شی جن پھنگ نے زور دے کر کہا کہ چین فلپائن اور علاقائی ممالک کے ساتھ مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور پائیدار سلامتی کے تصور پر قائم رہنے، علاقائی سلامتی کی قیادت کو مضبوطی سے اپنے ہاتھ میں رکھنے، مشترکہ طور پر خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے۔ ڈوٹرٹے نے کہا کہ فلپائنی عوام نے حقیقی معنوں میں فلپائن اور چین کے تعاون کے فوائد کو محسوس کیا ہے۔ فلپائن کو کووڈ19 کی وبا کے خلاف جنگ میں ویکسین کی مدد فراہم کرنے اور فلپائن میں سمندری طوفان سے متاثرہ لوگوں کی بروقت مدد کرنے پر چین کا شکریہ ادا کر تے ہیں۔ چین فلپائنی عوام کا سچا اور قابل اعتماد دوست ہے۔ فلپائنی فریق چینی فریق کے ساتھ دوستی اور تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے، فلپائن چین کے ساتھ مل کر جنوبی بحیرہ چین کے مسئلے سے نمٹنے کا خواہاں ہے، جس کے پرامن حل کے لیے ایک مثال قائم کی جائے تاکہ علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔ فلپائن آسیان اور چین تعلقات کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے بھی آمادہ ہے۔