اسلام آباد (این این آئی)متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں اماراتی سفیر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو وزاتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور مختلف شعبوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ مل کر اس اہم شراکت کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے 50 سال کے قلیل عرصہ میں متحدہ عرب امرات کی متاثر کن تبدیلی پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کے وژن کی تعریف کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے دوطرفہ تعلقات کی معاشی جہتوں کو آگے بڑھانے ، مستحکم تجارت ، سرمایہ کاری ، توانائی ، انفراسٹرکچر ، فوڈ سیکیورٹی اور روزگار کی فراہمی پر توجہ دینے کے لئے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ تاریخ ، مشترکہ عقیدے اور جغرافیائی قربت کی جڑوں سے مضبوطی سے منسلک تعلقات کا ذکر بھی کیا