تمام فیصلہ جات آئین اور قانون کی روشنی میں کئے جاتے ہیں،الیکشن کمیشن

0
339

اسلام آباد (این این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے واضح کیا ہے کہ تمام فیصلہ جات آئین اور قانون کی روشنی میں کئے جاتے ہیں، انفرادی طورپر فیصلوں کا تاثر غلط اور لغو ہے۔ ترجمان کی جانب سے بیان کے مطابق الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے،جس میں تمام فیصلہ جات آئین اور قانون کی روشنی میں کئے جاتے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق بعض افراد کی طرف سے جان بوجھ کر اور بدنیتی پر مبنی حقائق کے برعکس یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ الیکشن کمیشن میں فیصلے انفرادی طورپر کئے جا رہے ہیں، یہ بالکل غلط اور لغو ہے، دراصل جنوری 2020 سے لے کر آج تک جتنے بھی فیصلے ہوئے ہیں خواہ کمیشن پانچ معزز ممر ان پر مشتمل تھا یا تین معزز ممبران ان پر تمام فیصلے اتفاق رائے سے ہوئے اور ایک بھی فیصلہ ایسا نہیں ہے جس میں کو ئی اختلافی نوٹ تک دیا گیا ہو۔اعلامیہ کے مطابق مزید یہ کہ معزز چیئرمین اور ممبران کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے اور ملک کے بہترین مفاد میں آئین اور قانون کے تحت اور اپنے حلف کے مطابق الیکشن کمیشن بغیر کسی دباو کے فیصلے کرتا رہے گا۔