نواز شریف ملک وقوم کے محسن’ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا’رانا تنویر حسین

0
268

لندن /شیخوپورہ (این این آئی)سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے لندن میں ملاقات کی ان سے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال،آئندہ عام انتخابات اور ملکی معیشت کی بحالی کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا ہے اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق،سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار،سابق ایم این اے ڈاکٹر شذرہ منصب بھی موجودتھیں ملاقات کے بعد ٹیلی فون گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہاکہ نواز شریف کی طبعیت سنبھل چکی ہے اور انشاء اللہ انکی جلد واپسی متوقع ہے جس کا اعلان وہ خود کریں گے انکی وطن واپسی پر پوری قوم ان کا تاریخی استقبال کریگی نواز شریف ملک وقوم کے محسن ہیں جنہوں نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں سات ایٹمی دھماکے کرکے نہ صرف پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا بلکہ اس سے پاکستان عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بن گیا انہوں نے کہاکہ عمران خان کا شو بری طرح فلاپ ہوگیا ہے عوام نے عمران خان کے لانگ مارچ میں عدم شرکت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت اور نواز شریف کے بیانہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کردیا ہے عمران خان ملک کے اندر انتشار،فتنہ فساد کی سیاست کے ذریعے حکومت کو کمزور اور ناکام کرنیکی کوششیں کررہے ہیں مگر وہ اس میں کامیاب نہیں ہونگے لانگ مارچ کی ناکامی خود عمران خان کیلئے نوشتہ دیوار ہے وہ اب بھی ہوش کے ناخن لیں اور تشدد پسندی کی سیاست کو چھوڑ کر پارلیمنٹ میں آکر کردارادا کریں انہوں نے کہاکہ سابق وزیرا عظم نواز شریف نے مہنگائی کے متعلق اپنی گہری تشویش کااظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تمام حکومتی وسائل کوبروئے کار لاکر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے جس کیلئے وزیراعظم شہباز شریف دن رات کام کررہے ہیں عمران خان نے آئی ایم ایف سے جو معاہدے کئے تھے آج پوری قوم اس کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔