پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے ماحول کے فروغ کے لیے پرعزم ہے،ترجمان دفتر خارجہ

0
230

اسلام آباد (این این آئی)ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے ماحول کے فروغ کے لیے پرعزم ہے،پاکستان توانائی، پانی اور خوراک کی حفاظت، تعلیم، صحت، زراعت اور صنعت سے لے کر پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہا ہے۔ اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ یومِ تکبیر پر قوم پاکستان کے دفاع کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کے جوہری تجربات نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے ماحول کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان کسی بھی شکل میں جارحیت یا مہم جوئی کو روکنے کی اپنی صلاحیت کو برقرار رکھتا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان قوم کی سلامتی کو یقینی بنانے میں اس کے سائنسدانوں، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان توانائی، پانی اور خوراک کی حفاظت، تعلیم، صحت، زراعت اور صنعت سے لے کر پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ صحت کے شعبے میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ذریعے ملک بھر میں 20 کینسر ہسپتال چلائے جا رہے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ زراعت کے شعبے میں فصلوں کی زیادہ پیداوار اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف مزاحمت کرنے میں جوہری تحقیقی مراکز کے تعاون کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔