طالبان نے اسلام کی توہین کے الزام میں معروف فیشن ماڈل کو گرفتار کر لیا

0
328

کابل(این این آئی)افغان طالبان حکمرانوں نے ملک کے ایک معروف فیشن ماڈل اجمل حقی اور ان کے تین ساتھیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان تینوں پر اسلام اورقرآن مجید کی آیات کی توہین کا الزام عائد کیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان میں طالبان کے کنٹرول والی خفیہ ایجنسی نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں معروف افغان ماڈل اجمل حقی ہتھکڑیوں میں جکڑے نظر آئے۔ اجمل حقی ملک میں اپنے فیشن شوز، یوٹیوب کلپس اور ماڈلنگ ایونٹس کی وجہ سے کافی معروف ہیں۔ان کی گرفتاری ایک متنازعہ ویڈیو کے بعد عمل میں آئی اور طالبان نے ان گرفتاریوں کے بعد حقی اور ان کے ساتھیوں کی ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں وہ ہلکے بھورے رنگ کے جیل کے لباس میں کھڑے ہیں اور طالبان حکومت اور مذہبی علما سے معافی مانگ رہے ہیں۔اس ویڈیو کے ساتھ ہی دری زبان میں ایک پیغام بھی پوسٹ کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ، کسی کو بھی قرآنی آیات یا پیغمبر اسلام کے اقوال کی توہین کرنے کی اجازت نہیں ہے۔