پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران تھوڑ پھوڑ کا معاملہ، سیشن عدالت نے درخواستیں ضمانت منظورکر لیں

0
138

اسلام آباد (این این آئی)پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران تھوڑ پھوڑ کے معاملے پر سیشن عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں۔ سیشن جج کامران بشارت مفتی نے شیخ رشید، اسد عمر،شاہ محمود قریشی، شہریار آفریدی، قاسم سوری سمیت دیگر کی درخواست ضمانت منظور کر لیں اور عدالت نے ملزمان کو ہدایت کی کہ وہ تھانہ آئی نائن، تھانہ گولڑہ اور تھانہ ترنول میں درج مقدمات میں شامل تفتیش ہوں۔اسلام آباد کی سیشن عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو قاسم سوری اور شہریار آفریدی عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دئے کہ تھانہ ترنول،گولڑہ اور آئی نائن کے مقدمہ میں کوئی بھی شامل تفتیش نہیں ہوا۔ عدالت نے ملزمان کے وکیل کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ میں تفتیشی کو پابند کر دیتا ہو آپ شامل تفتیش ہو جائیں۔ وکیل نے کہا تھانہ کوہسار کی لگائی گئی تمام دفعات قابل ضمانت ہیں ،تھانہ آئی نائن میں درج ایک مقدمہ میں ناقابل ضمانت دفعہ ہے۔ جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ آپ ان مقدمات میں شامل تفتیش ہو جائیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ابھی عدالت میں کون کون سے ملزمان پیش ہوئے ہیں جس پر وکیل نے بتایا کہ قاسم خان سوری اورشہریار آفریدی عدالت میں موجود ہیں۔ جج نے کہا آپ کی حاضری لگ گئی ہے آپ بے شک چلے جائیں۔ عدالت نے شیخ رشید، شہریار آفریدی، قاسم خان سوری، مراد سعید، علی محمد خان و دیگر کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں دیگر تھانوں میں درج مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔