تحریک انصاف نے” نیا بنے گا پاکستان” کا نعرہ لگا کر قوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا’سراج الحق

0
194

سرگودھا(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے” نیا بنے گا پاکستان” کا نعرہ لگا کر قوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔لوگوں نے پی ٹی آئی کاساتھ اس لئے دیا کہ انہیں گھر، روزگار وزیر اعظم ہاوس میں یونیورسٹی اور آئی ایم ایف سے نجا ت ملے گی لیکن پونے چار سالہ کارکردگی نے تحریک انصاف کے نعروں کا پول کھول کر رکھ دیا۔لیکن جماعت اسلامی نیا پاکستان نہیں اسلامی پاکستان بنائے گی ۔زرائع کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان کے سراج الحق نے خوشاب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اس لئے تبدیلی نہ لا سکی کہ اس میں نوے فیصد مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے لوگ شامل تھے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پونے چار سال میں ایک وعدہ بھی پورا نہ کیا۔اب نیا پاکستان نہیں ہم اسلامی پاکستان بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام خرابیوں کی جڑ حکومت ہوتی ہے،لوگ بادشاہ کے بھروسے پر ہوتے ہیں۔اگر حکومت اچھی ہو تو اچھائی عام ہوتی ہے اور اگر خراب طرز حکمرانی ہو نے کرپشن لوٹ مار اور ناانصافی میں اضافہ ہوتاہے۔سراج الحق نے کہا کہ ترکی کے وزیراعظم کی اہلیہ سے ملنے والا ہار اور سعودی شاہ سے ملنے والی گھڑی ہمارے وزرائے اعظم نے سستے داموں خرید کر مہنگے داموں فروخت کر دی۔ سراج الحق نے کہا جو حکمران ملک کو ملنے والے تحائف کی حفاظت نہیں کر سکتا وہ پورے ملک کی حفاظت کیا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سلطان ٹیپو اور غزنوی بننے کے نعرے لگاتے ہیں ہم کہتے ہیں آپ سلطان ٹیپو تو کیا سلطان راہی بھی نہیں بن سکتے۔ جب تک اسلام آباد میں کتے اور چوہے موجود ہیں اس وقت تک خوشاب سمیت پورا ملک ٹھیک نہیں ہو سکتا۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں کرپشن اس وجہ سے نہیں کہ آپ کے بازار کا چوکیدار چور ہے بلکہ چور حکمرانوں کی وجہ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے ڈالروں کی خاطر ایمل کانسی، یوسف رمزی اور عافیہ صدیقی کو بیچ دیا اور پاکستان پر حملہ آور ریمنڈ ڈیوس اور ابھی نندن کو ان کے ملکوں کے حوالے کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اور تحریک انصاف اشاروں کی پیداوارہیں کیونکہ امریکہ ملکوں میں حکومت اور اپوزیشن بھی اپنی مرضی کی رکھتا ہے۔ہمارے حکمران ملک میں سودی نظام معیشت پر وفاقی شرعی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران اللہ اور اس کے رسول سے جنگ پر بضد ہیں۔اس موقع پر تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر چوہدری انعام الرحمن نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔