کراچی/ کوئٹہ(این این آئی) نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 14اگست سے آپریشنل کیے جانے کا امکان ہے ،جس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ایئرپورٹ کی سافٹ لانچنگ ممکنہ طور پر وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے۔
کراچی سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بطور پہلی پرواز لینڈ کرے گی۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر محتاط اندازے کے مطابق 54ارب 98کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔
گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے عالمی معیار کے مطابق بنائے گئے ہیں جس پر ایئر بس 380 سمیت دیگر بڑے طیارے بھی لینڈ کر سکتے ہیں۔
گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کا اہم منصوبہ ہے۔ چین کے اشتراک سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ تعمیر کیا ہے۔