راولپنڈی(این این آئی)آرمی چیف آف اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کو کمزور کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، مجھے پختہ یقین ہے کوئی منفی قوت اعتماد کے فوج اور عوام کے رشتے کو کمزور کرسکی ہے اور نہ ہی آئندہ کرسکے گی۔پاکستان کے 77ویں یوم آزادی پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔آرمی چیف کو سلامی کے چبوترے پر پہنچنے کے بعد چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ بانی پاکستان محمد علی جناح کی تقریر سنائی گئی۔ پریڈ میں لیزر شو لائٹ کا زبردست ایونٹ رکھا گیا جس کے ذریعے تعمیر پاکستان اور جدوجہد آزادی کے مناظر دکھائے گئے جبکہ کیڈٹس نے مارچ پاسٹ کیا، اس موقع پر بینڈ نے قومی نغموں کی دھنیں پیش کیں۔بعد ازاں رات بارہ بلوچ رجمنٹ نے پرچم کشائی کی گئی اور تقریب میں موجود شرکا نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر قومی ترانہ پڑھا۔ تقریب میں کیڈیٹس، افسران کے اہل خانہ سمیت دیگر معززین نے شرکت کی اور کیڈٹس کو مارچ پاسٹ پر داد پیش کی۔ نظم و نسق کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں نے وطن عزیز کیلیے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔آرمی چیف نے اپنے خطاب کے آغاز میں پوری قوم کو جشن آزادی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن رب کا شکر بجا لانے کا دن ہے جس نے ہمیں وطن عزیز جیسی نعمت اور آزادی سے نوازا اور ہمیں ہمت اور حوصلہ عطا کیا تاکہ ہم اس کا دفاع کرسکیں اور آنے والے نسلوں کیلیے اسے کامیاب مثال بناسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی شعور کی بنیاد نظریہ پاکستان ہے جو دو قومی نظریے پر مبنی ہے، اس نے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ شناخت، ثقافت اور تہذیب قائم کرنے کا موقع فراہم کیا، قیام پاکستان کا مقصد محض جغرافیائی خطے کا حصول نہیں تھا بلکہ ایک ایسی فلاحی ریاست کا قیام تھا جہاں اسلام کے سنہری اصولوں کی بنیاد پر معاشرہ افہام و تفہیم سے مسلمانوں سمیت تمام مذاہب کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرسکے۔آرمی چیف نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کوئی منفی قوت اعتماد کے اس رشتے کو کمزور کرسکی ہے اور نہ ہی آئندہ کرسکے گی، افواج پاکستان نے ملک کے دفاع کی قسم کھا رکھی ہے جس کی آبیاری وہ اپنے خون سے کررہی ہے، ہم کسی بھی صورت اور قیمت پر اپنی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ عالمی سطح پر تیزی سے تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں جنکی رفتار اور نوعیت غیرمعمولی ہے، مگر اس کے قطع نظر پاکستان اپنے مقف کی بدولت مسلم امہ اور دنیا میں نمایاں مقام رکھتا ہے، پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ پچھلے چند سالوں سے بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں ڈیجیٹل دہشت گردی کی کوشش کی جارہی ہے جس کا مقصد قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے جبکہ قرآن میں حکم ہے کہ کسی بھی خبر کی تحقیق کرلیا کرو تاکہ پھر اپنے کیے پر پچتھاوا نہیں ہو۔آرمی چیف نے کہا کہ عوام اور فوج کے درمیان دراڑ ڈالنے اور دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا کیونکہ عوام اور فوج ایک ہیں۔جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہم چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور ترکیے کے شکر گزار ہیں جو ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ہر مشکل وقت میں ساتھ دیتے ہیںان کا کہنا تھا کہ آزادی قیمت چکائے بغیر نہیں ملتی، اِس کے لئے بہت سے بیٹوں اور بیٹیوں کی قربانی دینی پڑتی ہے جسکے لئے ہم ہمیشہ تیار ہیں، آج آزادی کا جشن مناتے ہوئے ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہونے والی انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں کو نہیں بھولنا چاہئے جو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط سے آزادری کے لیے کوشاں ہیں۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ انکے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور انھیں اپنی ہر طرح کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی تعاون کا بھرپور یقین دلاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اسرائیل کی طرف سے غزہ کے بے بس لوگوں کے خلاف جاری خوفناک نسل کشی، نسلی قتلِ عام اور بِلا تفریق مظالم کی طرف بھی توجہ دلاتا ہے، غزہ میں اسرائیل کی انٹرنیشنل اور انسانی قوانین کی واضح خلاف ورزی یقینا دنیا کے ضمیر اور رولز بیسڈ انٹرنیشنل آرڈر پر داغ ہے، حکومت پاکستان کا مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھانا اور انسانی بنیادوں پر امداد دینے کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے آبا و اجداد نے یہ ملک قائم کر کے جو امید کی شمع جلائی، ہم اسے کبھی بجھنے نہیں دیں گے۔آرمی چیف نے سورہ یوسف کی ستاسیویں (v) آیت کا حوالہ دیتے ہوئے آیت اور اسکا ترجمہ پڑھا کہ اللہ کی رحمت سے مایوس نا ہونا، اللہ کی رحمت سے صرف کافر مایوس ہوتے ہیں۔آخر میں کیڈٹس کو سراہتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ملک کے 65 فیصد نوجوانوں کی طرح ، آپ تمام کیڈٹس کے روشن چہرے اور آنکھوں کی چمک، مجھے اس عظیم قوم کے درخشاں مستقبل کی نوید دیتی ہے، پاکستان اللہ کا انعام ہے، جو انشا اللہ تا ابد قائم رہنے کے لئے بنا ہے، اور اسکے خیر خواہ ہمیشہ زندہ و جاوید رہیں گے، بہترین ٹرن آٹ اور وطن عظیم کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرنے پر پاکستان ملٹری اکیڈمی اور اس کے جری کیڈٹس کو سراہتا ہوں۔
مقبول خبریں
26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے،اسد قیصر
صوابی(این این آئی)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے۔صوابی میں کارکنوں سے...
بشریٰ بی بی کیخلاف ملتان، لیہ، گوجرانوالہ میں مقدمہ درج
اسلام آباد(این این آئی)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مختلف شہروں میں مقدمے درج کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق...
24نومبر کا احتجاج رکوانے کیلئے محسن نقوی کا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر...
اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے...
ٹرمپ کا 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کیلیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے...
واشنگٹن(این این آئی )امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کے لیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے کا...
پاکستان اسٹاک ایکسچینج: کاروباری ہفتے میں بلند ترین سطح 99 ہزار 623 رہی
کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کاروباری ہفتے کے اختتام پر اپ ڈیٹس سامنے آ گئیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے میں مثبت...