مانچسٹرٹیسٹ، انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 259 رنز بناکر 23 رنز کی برتری حاصل کرلی

0
39

مانچسٹر(این این آئی)انگلینڈ نے جمی سمتھ اور ہیری بروک کی نصف سنچریوں کی بدولت سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا کر 23 رنز کی برتری حاصل کرلی۔اس سے قبل پہلے روز سری لنکن ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 236رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔ بارش سے متاثرہ کھیل کے دوسرے روز 57 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا۔ہیری بروک 56 اور جو روٹ 42 رنز سے ساتھ نمایاں رہے،جمی سمتھ ناقابل شکست 72رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔آئی لینڈرز کی جانب سے اسیتھا فرنینڈونے تین ، پرابتھ جیسوریا نے دو کھلاڑیو ں کو آئوٹ کیا۔اولڈ ٹریفورڈ ،مانچسٹر میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن میزبان انگلینڈ ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 22 رنز بغیر کسی نقصان سے شروع کی تو بین ڈکٹ 13 اور ڈین لارنس 9 رنز پر کھیل رہے تھے۔بین ڈکٹ پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 18 رنز بناکر اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے،کپتان اولی پوپ6 رنز بناکر اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، ان کے بعد ڈین لارنس30،جوروٹ 42،ہیری بروک56 اور کرس ووکس 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن بارش کی وجہ سے صرف57 اوورز کا کھیل ہو سکا۔دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 259 رنز بناکر 23 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔جمی سمتھ ناقابل شکست 72 اور گس اٹکنسن4 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے 3، پرابتھ جیسوریا نے 2 اور وشوا جیا سوریا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔