بنگلادیش، سیلاب سے 15 افراد ہلاک، 48 لاکھ متاثر، مواصلاتی نظام تباہ

0
76

ڈھاکہ(این این آئی)بنگلادیش میں آنے والے سیلاب سے 15 افراد ہلاک اور لاکھوں متاثر ہوئے ہیں۔بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ملک کے 11 اضلاع میں شدید بارشوں کے بعد اس وقت بدترین سیلابی صورتحال ہے جس کے نتیجے میں 48 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 15 کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔مقامی میڈیا کا بتانا ہے کہ تقریبا 9 لاکھ کے قریب لوگ سیلابی صورتحال میں پھنسے ہوئے ہیں جب کہ سیلاب سے جو 11 اضلاع متاثر ہوئے ہیں ان میں فینی، کومیلا، نوخالی، لکشمی پور اور دیگر اضلاع شامل ہیں، فینی میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 92 فیصد موبائل ٹاورز گرچکے ہیں جس سے شہریوں کے موبائل فون پر ایک دوسرے سے رابطے تقریبا ختم ہوچکے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا تھاکہ سیلابی صورتحال میں اب بہتری آرہی ہے، سیلابی علاقوں میں پھنسے ایک لاکھ 88 ہزار افراد کو ریسکیو کرکے کیمپوں میں پہنچادیا گیا ہے جب کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب تک ساڑھے تین کروڑ ٹکا کیش تقسیم کیا گیا ہے، اس کے علاوہ 20 ٹن سے زائد چاول اور 15 ہزار خشک خوراک کے پیکٹس بھی تقسیم کیے جاچکے ہیں۔حکام نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوج کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں نیوی، کوسٹ گارڈ، فائر سروسز، پولیس اور طلب بھی حصہ لے رہے ہیں۔