کوریج ، رپورٹنگ اور تجزیہ کرنا آئین کے تحت بنیادی حق ہے ‘ جسٹس بابر ستار

0
60

اسلام آباد(این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے صحافیوں کو کوریج سے روکنے کے کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بورڈ سے جواب طلب کرلیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کی جانب سے کیس کی سماعت کی گئی تھی، سینئر وکیل عبدالواحد قریشی صحافیوں کی جانب سے پیش ہوئے۔دوران سماعت جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ کوریج کرنا صحافیوں کا بنیادی حق ہے، رپورٹنگ کرنا اور تجزیہ کرنا آئین کے تحت بنیادی حق ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت فریقین کو نوٹس جاری کر دیے جبکہ اسپورٹس جرنلسٹس کو ایکریڈیشن کارڈ جاری نہ کرنے پر پی سی بی سے جواب طلب کرلیا ہے۔عدالت نے سیکرٹری پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے صحافیوں کو کوریج سے روکنے کے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی ہے۔واضح رہے 27 اگست کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے صحافیوں کو میچز کی کوریج سے روکنے کے معاملے پر اسپورٹس جرنلسٹس نے اسلام آباد میں درخواست جمع کروائی تھی۔