سمندری طوفان کے اثرات، کراچی میں صبح سویرے موسلا دھار بارش

0
91

کراچی(این این آئی)شہر قائد کراچی میں سمندری طوفان کے اثرات دکھائی دینے لگے، کئی علاقوں میں صبح سویرے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔کراچی کے علاقوں صدر، کلفٹن، کالا پل، محمود آباد، شارع فیصل سمیت متعدد علاقوں میں بادل برسے، انتظامیہ نے بارش کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لیں۔سمندری طوفان کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو آج اور کل سمندر کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ہاکس بے پر پانی سڑکوں پر پہنچنے لگا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان اسنیٰ کا چھٹا الرٹ جاری کر دیا ہے، طوفان کراچی سے 120 کلو میٹر کی دوری پر رہ گیا ہے۔سمندری طوفان گوادر کے مشرق سے 250 جبکہ جنوب مشرق سے 440 کلومیٹر دور ہے، ٹھٹھہ کے جنوب مغرب میں طوفان کی دوری 180 کلو میٹر رہ گئی جس کے باعث ٹھٹھہ، حیدر آباد، بدین اور عمر کوٹ میں بارش کا امکان ہے۔طوفان کے زیر اثر علاقوں میں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی، بلوچستان کے ماہی گیروں کو کل تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔