خواتین کو تحفظ فراہم کرنا ہمارا فرض ،معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک 50 فیصد خواتین کی شمولیت نہ ہو، احسن اقبال

0
58

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہر خاتون کو کام کی جگہ پر تحفظ فراہم کرنا ہمارا فرض ہے،کوئی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک 50 فیصد خواتین کی شمولیت نہ ہو۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنی زیر صدارت خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف وزارت منصوبہ بندی کی قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا جس میں سیکرٹری منصوبہ بندی اور وزارت کی تمام خواتین نے شرکت کی۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ہر خاتون کو کام کی جگہ پر تحفظ فراہم کرنا ہمارا فرض ہے، ہم نے حکومت میں آتے ہیں خواتین کی قومی ترقی میں شمولیت بڑھانے کے لیے جینڈر یونٹ قائم کیا تاکہ خاتون دفتر میں تحفظ کے احساس کے ساتھ کام کرے اور وزارت منصوبہ بندی خواتین کو اپنے لییکام کرنے کی محفوظ ترین جگہ لگے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے بہترین ڈے کئیر بنایا تاکہ مائیں ذہنی سکون سے کام کریں۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک 50 فیصد خواتین کی شمولیت نہ ہو، میری پوری کوشش ہے کہ وزارت منصوبہ بندی کو خواتین کے لیے رول ماڈل بنایا جائے، یہاں کسی خاتون کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہوگا۔ اجلاس میں موجود وزارت منصوبہ بندی کی تمام خواتین افسران اور اہلکاروں نے وفاقی وزیر سے اپنے اپنے خیالات کا ظہاربھی کیا۔