غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے کلی معیشت کے استحکام کے ماحول کو برقرار رکھا جائیگا، وزیر اعظم

0
88

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ممتاز پاکستانی امریکن بینکرز کوملک میں انفراسٹرکچر، توانائی، ٹیکنالوجی، زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے مستحکم میکرو اکنامک ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر ممتاز پاکستانی امریکن بینکرز کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں جے پی مورگن، نیٹیزس کارپوریشنز اینڈ انویسٹمنٹس، سومیٹومو مٹسوئی بینکنگ کارپوریشن، گولڈمین سیچس سٹیزنز بینک، لیزارڈ، آوڈیکس گروپ سمیت ممتاز بینکوں کے نمائندے شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وفد کو معیشت کے استحکام اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اہم اقدامات سے آگاہ کیا جن میں ٹیکس بیس کی وسعت، کاروبار میں سہولت و فروغ اور سرکاری اداروں میں جاری اصلاحات شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں معاشی اعشاریوں میں بہتری آئی ہے اور بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں بشمل فچ اور موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے وفد کو ایک پائیدار مالیاتی فریم ورک کے قیام کے بارے میں بھی بتایا جو حکومت کو بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں میں گرینسسٹین ایبلٹی بانڈ کے اجراء میں معاون ثابت ہو گا۔ وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وفد نے حکومت کی پالیسیوں کو سراہا جو پاکستان میں معاشی استحکام کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ وفد نے برآمدات کو فروغ دینے میں مدد کے لئے مینوفیکچرنگ سیکٹر بالخصوص ایس ایم ایز کی ترقی کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی بینکوں کو پاکستان میں انفراسٹرکچر، توانائی، ٹیکنالوجی اور زراعت کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے مستحکم میکرو اکنامک ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے حکومت کے عزم کا یقین بھی دلایا۔