ملائیشیاء کے وزیراعظم دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ’شہبازشریف نے الوداع کیا

0
21

اسلام آباد(این این آئی) ملائیشیاء کے وزیرِاعظم داتو سری انور ابراہیم اپنا تین روزہ دورہِ پاکستان مکمل کرکے ملائیشیاء روانہ ہوگئے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِ تجارت جام کمال خان علیانی نے ملائیشیاء کے وزیرِاعظم داتو سری انور ابراہیم اور ان کے وفد کو نور خان ایئر بیس سے الوداع کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیاء کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں، ملائیشیاء کے وزیرِ اعظم سے پاک ملائیشیاء تعلقات کی مزید مضبوطی پر اتفاق ہوا، ملائیشیاء کے وزیرِ اعظم علامہ اقبال کے مداح ہیں، جو پاکستان کیلئے فخر کی بات ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملائیشیاء کے وزیرِ اعظم داتو سری انور ابراہیم کے پاکستانی عوام اور حکومت کیلئے اچھے الفاظ اور نیک خواہشات کے تہہ دل سے مشکور ہیں پاک ملائیشیاء بزنس فورم میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ پر مثبت پیش رفت ہوئی، پاکستان کی ملائیشیاء سے تجارت کے فروغ سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔وزیرِ اعظم ملائیشیاء کا دورہ ِ پاکستان، پاک ملائیشیاء تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوا۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ ہوا۔