ممالک کے خود مختار گروپ میں شرکت کے حق کا احترام کرتے ہیں، امریکا کا ایس سی او اجلاس پر ردعمل

0
45

واشنگٹن (این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان میں منعقد ہونے والی شنگھائی تعاون کونسل (ایس سی او)کے سربراہی اجلاس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ملک کے خود مختار گروپ میں شریک ہونے کے حق کا احترام کرتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق نیوز بریفنگ کے دوران انہوںنے کہاکہ ہم ہر ملک کی حوصلہ افزائی کریں گے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ کثیرجہتی فورمز میں شرکت میں بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور احترام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ اجلاس میں تمام ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کا اعادہ کیا جائے۔ان سے پوچھا گیا کہ بھارت میں جوہری مواد کی چوری اور غیر قانونی فروخت کے متعدد واقعات ہوئے ہیں اور پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ سے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے، کیا یہ امریکا کے لیے باعث تشویش ہے؟میتھیو ملر نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی جانب سے کی گئی درخواست سے آگاہ ہیں، ہم جوہری پھیلائو کے خطرات کے حوالے سے موثر پالیسی ردعمل کی ٹریکنگ، تیاری اور اس پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہیں۔