اسرائیل کو بتا دیا ہم روزانہ بیروت پر بمباری کی حمایت نہیں کرتے،امریکہ

0
64

بیروت(این این آئی)لبنان کے متعدد علاقوں پر اسرائیلی حملے جاری رہنے کے بعد وائٹ ہائوس کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ نے اسرائیل کو بیروت کے گنجان آباد علاقوں میں تقریبا روزانہ حملوں کی مخالفت سے آگاہ کر دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان کارین جین پیئر نے روزانہ کی پریس بریفنگ میں کہا کہ واشنگٹن نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کو اپنی کارروائیاں اس طریقے سے کرنی چاہئیں جس سے شہریوں کی زندگیوں کو خطرہ نہ ہو۔اسی دوران امریکی محکمہ خارجہ نے زور دیا کہ واشنگٹن جنوبی لبنان میں ایک پورے گائوں کو تباہ کرنے کے حوالے سے اسرائیل کے ساتھ رابطے میں ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ امریکہ شہری عمارتوں کو تباہ ہوتے نہیں دیکھنا چاہتا اور وہ جنوبی لبنان کے شہر نبطتیہ میں میئر کے ہیڈ کوارٹر کو تباہ کرنے والے فضائی حملے کے حوالے سے اسرائیلی حکومت سے رابطے میں ہے۔ملرنے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ وہ کسی مخصوص حملے کے پیچھے اسرائیل کے ارادوں کے بارے میں بات نہیں کر سکتے، لیکن انہوں نے نشاندہی کی کہ حزب اللہ گروپ بعض اوقات عام شہریوں کے گھروں کے نیچے سے کام کرتا ہے۔